خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور:طورخم بارڈر پرافغان حکومت کے خلاف احتجاج

پشاور (آئی این پی)پشاور کے تاجروں نے طورخم بارڈر پر افغانستان کی وحشیانہ فائرنگ کے خلاف افغان حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ملک سے افغان مہاجرین کی واپسی کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق پیر کو پشاور پریس کلب کے سامنے تاجر برادری نے پاک فوج سے اظہاریکجہتی کے لئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج میں تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر افغان حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے افغان فورسز کے خلاف شدید نعرے بازی کی،اس موقع پرمظاہرین کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کو بیس برس تک مہمان بنانے کا یہ صلہ ملا ہے کہ آج افغان حکومت بھارت اور امریکی اشاروں پر ناچ رہی ہے۔ مظاہرین نے حکومت سے فی الفور افغان مہاجرین کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔(اح)