خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاورمیں ہندوؤں کا مذہبی تہواررکشا بندھن منایا گیا

پشاور:(اے پی پی) پشاور میں ہندوؤں کا مذہبی تہوار رکشا بندھن منا یا گیا، اس تہوار میں بہنوں نے بھائیوں کو راکھیاں باندھیں تو بھائیوں نے تحفے دیے۔ رکشا بندھن ہندومذہب کا ایک ایسا تہوار ہے، جس میں بہنیں بھائیوں کی کلائی پر دھاگا باندھ کر اظہار محبت کرتی ہیں،جسے راکھی کہا جاتا ہے، ماہ اگست میں منائے جانے والے اس تہوار کی جڑیں ہندو دھرم کے مطابق ہزاروں سال پرانی ہیں۔ رکشا بندھن کے تہوار پر جہاں مذہبی رسومات ادا کی گئیں وہیں ملک وقوم کی ترقی کے لئے دعائیں بھی مانگی گئیں۔ اس موقع پر بہنوں نے اپنے بھائیوں کے کلائیوں پر راکھی باندھ کر ان کی درازی عمر کے لئے دعا ئیں کیں تو بھائیوں نے اپنی بہنوں کی حفاظت کا وعدہ کیا۔ ہندو برادری کا کہنا ہے کہ اگست کے مہینے میں پاکستان کو آزادی ملی، اسی ماہ رکشا بندھن کا تہوار منانے سے ان کی خوشی دوبالا ہوجاتی ہے ۔