خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور:پی کے8 میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ جاری

پشاور:(آئی این پی ) خیبر پختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے آٹھ پشاور میں ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ شروع ہو گئی جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گی ۔ پی ٹی آئی ، جے یو آئی ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے امیدوار مدمقابل ہیں ۔ پی کے 8 کی نشست مسلم لیگ ن کے ارباب اکبر حیات کی وفات کے بعد خالی ہوئی ہے ، شہربھر میں ہائی سیکورٹی ، داخلی و خارجی راستوں پر پولیس تعینات ، ریزرو فورس الرٹ ، پشاور کے صوبائی حلقے پی کے 8 کے ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کا آغاز ہو گیا ۔ انتخابی میدان میں پی ٹی آئی ، جے یو آئی ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے امیدوار ہیں تاہم پی ٹی آئی کے امیدوار شہزاد خان اور جمعیت علمائے اسلام کے آصف اقبال کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے ۔ جماعت اسلامی ، قومی وطن پارٹی اور مسلم لیگ ق کے امیدوار تحریک انصاف کے حق میں پہلے ہی دستبردار ہو چکے ہیں ۔ حلقہ پی کے 8 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 36 ہزار سے زائد ہے جو آج اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔ 98 پولنگ سٹیشنز میں سے 40 کو انتہائی حساس ، 47 کو حساس جبکہ 11 کو نارمل قرار دیا گیا ہے ۔ پولنگ سٹیشنزکی حفاظت کے لئے 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ۔