خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاورکی عوام شکریہ کی مستحق ہے: آصف کرمانی

اسلام آباد (آئی این پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے پی کے 8سے کامیاب لیگی امیدوارارباب وسیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور کی عوام شکریہ کے مستحق ہیں، عمران خان عبرتناک شکست سے سبق سیکھیں، باشعور عوام نے جھوٹے الزامات اور اے ٹی ایم سیاست کو مسترد کر دیاہے،(ن) لیگ2018میں بھی انتخاب جیتے گی،خان صاحب کے سرکاری جلسے بھی ان کے کام نہ آ سکے ان کی رعونت خاک میں مل گئی۔جمعہ کو اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ پی کے 8پشاورسے ضمنی انتخاب میں جیتنے پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ارباب وسیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب جیتنے پر مسلم لیگی کارکنوں اور حامیوں کو بھی مبارکباد دیتا ہوں، پشاور کی عوام شکریہ کے مستحق ہیں جنہوں نے پارٹی کو کامیاب بنانے میں مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ باشعور عوام نے جھوٹے الزامات اور اے ٹی ایم سیاست کو مسترد کر دیاہے، پشاور کے عوام نے ہری پور ضمنی انتخاب کی تاریخ دہرا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب کے سرکاری جلسے بھی ان کے کام نہ آ سکے ان کی رعونت خاک میں مل گئی، عمران خان عبرتناک شکست سے سبق سیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) وزیراعظم نواز شریف کی مدبرانہ قیادت میں 2018میں بھی انتخاب جیتے گی اور خیبرپختونخوا کو حقیقی خوشحالی اور روشنیوں کا گہوارہ بنائے گی۔(اح)