خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور:ہوٹل میں تلاشی لینے پر نوجوان کی پولیس پرفائرنگ

پشاور:(آن لائن) پشاور میں ہوٹل کے کمرے کی تلاشی لینے پر مشکوک شخص نے پولیس پر فائرنگ کر دی ، جوابی فائرنگ میں ملزم ہلاک ، کمرے سے خودکش جیکٹ برآمد کرلی گئی ۔ ڈبگری گارڈن میں واقع بنگش ہوٹل میں پولیس نے معمول کے سرچ آپریشن کے دوران ایک کمرے کی تلاشی لینے کی کوشش کی تو وہاں مقیم شخص نے پولیس پر فائرنگ کردی ۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی اور ہوٹل کو گھیرے میں لے لیا جبکہ مزید نفری طلب کرلی گئی ۔ پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کے ساتھ مشکوک شخص کے کمرے میں گیس بم بھی پھینکا گیا ۔ فائرنگ کے تبادلے میں حملہ آور ہلاک ہوگیا ، کمرے کی تلاشی کے دوران پولیس نے خودکش جیکٹ برآمد کرلی ۔ پولیس نے جیکٹ کو تحویل میں لے لیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کا نام یحییٰ ہے اور اس کا تعلق وزیرستان سے ہے ۔ ملزم ہوٹل کے چوتھے فلور پر کمرہ نمبر 204 میں مقیم تھا ۔ پولیس حملہ آور کے بارے میں دیگر کوائف بھی اکھٹے کر رہی ہے ۔ ڈبگری گارڈن گنجان آباد علاقہ ہے جہاں فائرنگ سے شہریوں اور دکانداروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ۔