خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور ایئرپورٹ کے رن وے سے بیٹریاں چوری،7 پروازیں تاخیر کا شکار

پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اندرونی حصے سے پی آئی اے کی گاڑی سے بیٹریاں چوری ہونے کے باعث حج آپریشن سمیت اندرون ملک اور بیرون ملک جانے والے 7پروازیں تاخیرکاشکار ہوگئیں جس کے باعث عازمین حج نے شدید احتجاج کیا۔

گزشتہ روز ائیر پورٹ پر پی آئی اے کے جہازوں کو رن وے پر لانے کے لئے اسٹار کار نمبر 726 سے 80 ہزار روپے مالیت کی 2 قیمتی بیٹریاں چوری ہو گئیں۔ جس کے باعث پرائیویٹ کمپنی کی خدمات حاصل کی گئیں۔

اندرون اور بیرون ملک جانے والے پی آئی اے کی پروازوں کو رن وے پر لانے کے لئے گاڑی نہ ہونے کے باعث جدہ جانے والی فلائٹ 2 گھنٹے ، کراچی جانے والی فلائٹ ایک گھنٹہ اور چترال جانے والی فلائٹ آدھا گھنٹہ اور خلیجی ممالک جانے والی فلائٹس 4 گھنٹے تاخیرکا شکار ہوئیں۔

ایئر پورٹ کی حدود سے پی آئی اے کی گاڑیوں سے بیٹری چوری ہونے پر انتظامیہ نے فوری طور پر تحقیقات کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ اس سے قبل بکنگ آفس سے بھی گاڑی کی بیٹری چوری ہوئی تھی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس ضمن میں پی آئی اے کے متعلقہ حکام کو طلب کر لیا ہے۔