خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور‘ اے این پی کے حاجی محمد عدیل 72 سال کی عمر میں گردے فیل ہونے باعث انتقال کرگئے

پشاور/اسلام آباد (ملت + آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر حاجی محمد عدیل 72 سال کی عمر میں پشاور میں وفات پا گئے ہیں۔ وہ ایک عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے‘ صدر ممنون‘ وزیر اعظم نواز شریف ‘ عمران خان ‘ اسفندیار ولی ‘ مولانا فضل الرحمن خورشید شاہ و دیگر کا اظہار افسوس ‘ مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔ حاجی محمد عدیل کے صاحبزادے محمد عدنان جلیل کے مطابق حاجی محمد عدیل گردے فیل ہونے کی وجہ سے سی ایم ایچ میں انتقال کرگئے۔ حاجی محمد عدیل 2009 سے 2015 تک سینیٹر اور1997 سے 1999 تک ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بھی رہے۔حاجی محمد عدیل 3 بار ممبر خیبرپختونخوا اسمبلی اور ایک بار صوبائی وزیر خزانہ رہے۔ حاجی محمد عدیل اے این پی کیقائم مقام مرکزی صدر بھی رہے۔صدر ممنون حسین نے ان کی وفات پر اظہار رنج و غم کیا ہے جبکہ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت کیلئے حاجی عدیل کی خدمات کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام کیلئے حاجی عدیل کی خدمات قابل تحسین ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حاجی عدیل جمہوری اصولوں کے فروغ پر یقین رکھتے تھے۔ انہوں نے غم زدہ خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے بلند درجات اور مغفرت کی دعا بھی کی۔