خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور دھماکے کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی بن گئی

پشاور:(اے پی پی) پشاور میں گزشتہ روز سرکاری ملازمین کی بس میں ہونے والے دھماکے کیلئے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے حکام شامل ہیں۔ مشترکہ ٹیم نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ زخمیوں کے بیانات قلمبند کر لئے گئے ہیں جبکہ مزید تحقیقات کیلئے ملاکنڈ انتظامیہ سے بھی تعاون مانگ لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے بس میں سوار افراد کے کوائف جمع کرنا شروع کر دیئے ہیں جبکہ درگئی میں واقع فلنگ سٹیشن کے ملازمین سے بھی تحقیقات کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق دہشتگردی کا نشانہ بننے والی بس درگئی کے فلنگ سٹیشن پر رات بھر کھڑی رہی تھی۔ دوسری جانب دھماکے کے نو زخمی ابھی بھی لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ دھماکے میں بس کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا تھا جس کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے۔