خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور: شہری کنڈا کلچر کیخلاف

پشاور: (آئی این پی) صوبائی دارالحکومت کے نواحی علاقوں متنی بڈھ بیر، مچنی متھرا اور ملحقہ علاقے ایسے ہیں جنہیں کسی اور کیلئے تو نہیں لیکن واپڈا اہلکاروں کیلئے ضرور نو گو ایریا کہا جا سکتا ہے۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنی پیسکو کے مطابق ان علاقوں میں بجلی کی چوری اور لائن لاسز سب سے زیادہ ہیں۔ بجلی چوری کے خاتمے کیلئے واپڈا کی جانب سے ان علاقوں کے عوام سے معاہدہ کیا گیا جس کے تحت بقایہ جات کی ادائیگی کے بعد شہریوں نے بجلی کے میٹر لگانے کی حامی بھری۔ دو روز میں شہریوں کی جانب سے میٹر کی تنصیب کیلئے پانچ سو سے زائد درخواستیں دی گئیں۔ درجنوں بجلی کے میٹر بھی آ گئے لیکن انہیں لگانے کیلئے واپڈا کے اہلکار ابھی تک نہیں آئے۔ میٹر نہ لگنے کے باعث ان علاقوں میں بجلی چوری کے خلاف مہم ایک بار پھر ناکام ہو گئی ہے اور کنڈا کلچر کا خاتمہ ممکن نہیں بنایا جا سکا ہے۔ اس حوالے سے پیسکو کے ترجمان کا مؤقف جاننے کیلئے کئی بار رابطے کی کوشش کی گئی تاہم وہ دستیاب نہ ہو سکے۔