خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور: لوڈشیڈنگ کیخلاف عوام کا پارہ ہائی

پشاور : (آئی این پی) پشاورمیں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے واپڈا ہائوس کا گھیرائو کرلیا ۔ پتھرائو سے گیٹ پر نصب سی سی ٹی وی کیمرہ توڑ دیا ، مظاہرین آپس میں بھی الجھ پڑے ۔ پشاور میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا میٹر شارٹ کر دیا ۔ بشیر آباد اور اس سے ملحقہ علاقے کے لوگ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ۔ مظاہرین نے واپڈا ہائوس کا گھیراؤ کرلیا اور گیٹ پر پتھرائو کیا جس سے گیٹ پر نصب سی سی ٹی وی کیمرہ ٹوٹ گیا ۔ مظاہرین کا پارہ اتنا ہائی تھا کہ وہ آپس میں ہی الجھ پڑے اور ہنگامہ آرائی شروع کر دی ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اٹھارہ سے بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے رمضان میں ان کا جینا عذاب کر دیا ہے ، واپڈا حکام کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کم کرنے کی یقین دہانی پر مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے ۔