خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور: پی ٹی آئی کے 60 کونسلرز کا ناظم کیخلاف عدالت جانے کا فیصلہ

پشاور: (ملت+اے پی پی) پی ٹی آئی کے 60 ناراض ضلعی کونسلرز نے ناظم اعلیٰ کو ڈی سیٹ کرنے کے لئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ضلعی اسمبلی کے 138 ممبران میں پی ٹی آئی کے 84، جماعت اسلامی کے 11 اور اپوزیشن جماعتوں کے 43 ارکان شامل ہیں۔ ناراض کونسلرز نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے بھی ملاقات کی۔ ناظم اعلیٰ نے عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقاتوں کے باوجود بھی کچھ نہیں ہوا۔ اب ناراض کونسلرز نے اعلان کیا ہے کہ وہ احتجاج کریں گے۔ ناراض ارکان کا کہنا ہے کہ ناظم اعلیٰ عاصم خان نے ڈیڑھ سال میں پشاور کے لئے کچھ نہیں کیا۔ ناراض ارکان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پاناما لیکس کے ایشو کے باعث مصروفیات کی وجہ سے پرویز خٹک کو مسئلہ حل کرانے کا ٹاسک سونپا تھا لیکن وہ کچھ نہیں کر سکے کیونکہ ناظم اعلیٰ کو صوبائی وزیر شاہ فرمان نہیں ہٹانا چاہتے۔ ناراض ارکان نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ناظم اعلیٰ عاصم خان کے خلاف سڑکوں پر ہوں گے۔