خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور: چارسدہ بس اسٹینڈ کےقریب دھماکا، تین اہلکارزخمی

پشاور:(اے پی پی) پشاور میں چارسدہ روڈ پر سڑک کے کنارے نصب بارودی مواد کے دھماکے میں ٹریفک پولیس اہلکار سمیت تین افراد زخمی ہو گئے ، دھماکے میں ڈیڑھ کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق چارسدہ روڈ پر اسٹینڈ کے قریب نصب بارودی مواد میں اچانک زور دار دھماکا ہوا جس میں ٹریفک پولیس اہلکار سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے ۔ دھماکے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں اور پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اورامدادی سرگرمیاں شروع کر دیں ۔ حادثے کے بعد زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں ڈیڑھ کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا ۔ چارسدہ روڈ انتہائی مصروف ترین سڑک ہے جہاں بیشتر وقت ٹریفک کا دباؤ رہتاہے ۔ تاہم صبح کے وقت ٹریفک کم ہونے کی وجہ سے زیادہ نقصان نہیں ہوا ۔