خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور ڈویژن کی دیرپا ترقی اور خوبصورتی کیلئے اربوں روپے خرچ کئے گئے ہیں

پشاور (ملت + آئی این پی) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ نے کہا ہے کہ پشاور ڈویژن کی دیرپا ترقی اور خوبصورتی کیلئے اربوں روپے خرچ کئے گئے ہیں اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹھو س اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس کے تحت عنقریب عوام اپنی زندگیوں میں خوشگوار تبدیلی محسوس کریں گے۔یہ بات انہوں نے منگل کے روز پشاور میں سابق وزیر عشر و زکواۃ حافظ حشمت اور خالد وقاص چمکنی کے زیر قیادت علیحدہ علیحدہ وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔وفود نے صوبائی وزیر کو اپنے اپنے حلقوں کے عوامی مسائل خاص کر صفائی و ستھرائی ،گیس ،بجلی ،پینے کے صاف پانی، نکاسی آب اور آبپاشی سے متعلق تفصیلی طور پر آگا ہ کیا۔سینئر وزیر بلدیات نے وفود کی معروضات انتہائی توجہ سے سنیں اور بعض مسائل کے حل کروانے کیلئے موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت سینئر وزیر بلدیا ت اور جماعت اسلامی کے پارلیمانیرہنما وہ عوام میں فرق محسوس نہیں کرتے اورا ﷲ کی رضا و خوشنودی کیلئے فلاحی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور بلا امتیاز و تفریق عوامی مسائل حل کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے برعکس موجودہ صو بائی حکومت کی بہتر قانون سازی کی بدولت کافی حد تک بدعنوانی، ناانصافی اور اقرباء پروری کا تدارک ممکن ہو ا ہے اور عوامی امنگوں کے مطابق نظام میں اصلاحات ہوئی ہیں۔عنایت اﷲ نے پی کے7اور پی کے11میں خوبصورتی و صفائی اور گیس و بجلی کی سکیموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ترقیاتی منصوبوں کا عمل شروع ہے اور باقی ماندہ مسائل کے حل کیلئے جلد ہی متعلقہ حکام سے دوبارہ ملاقات کرکے پائیدار ترقی کا عمل ممکن بنائیں گے جس سے عوام کے بنیادی مسائل میں نہ صرف خاطر خواہ کمی ہو سکے گی بلکہ انہیں انکی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کے تحت نہ صرف منتخب ناظمین کو ترقیاتی منصوبوں کے تکمیل کیلئے فنڈز فراہم کئے ہیں بلکہ انہیں عوامی مسائل کے حل کیلئے ذمہ دار اور بااختیار بھی بنایاگیا ہے۔