خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور: کرسچن کالونی پرحملہ ناکام، 4 دہشت گرد ہلاک

پشاور: (اے پی پی) ورسک ڈیم کے قریب کرسچن کالونی میں مسلح افراد نے حملہ کیا جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنادیا اور چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ۔ حملے کے دوران تین سیکیورٹی اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گولہ بارود اور اسلحے سے لیس چاردہشتگرد صبح پانچ بج کر پچاس منٹ پر کر سچین کالونی میں داخل ہوئے ۔ دہشتگردوں نے پہلے گیٹ پر موجود سیکیورٹی گارڈ کو نشانہ بنایا ۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکار چند منٹ کے اندر موقع پر پہنچ گئے اورعلاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ فائرنگ کے تبادلے میں چار خودکش بمبار ہلاک ہو گئے جبکہ دو ایف سی ، ایک پولیس کانسٹیبل اور دو شہری زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ایک زخمی شہری کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے ۔ دہشتگردوں کی ہلاکت کے بعد سیکیورٹی فورسز نے گھر گھر تلاشی کاعمل شروع کردیا ۔ کرسچین کالونی ورسک ڈیم کے قریب ہی واقع ہے جس کےایک جانب خیبرایجنسی ہے اور کچھ ہی فاصلے پر مہمند ایجنسی کاعلاقہ شروع ہو جاتا ہے ۔ کالونی میں اقلیتی برادری کے علاوہ ورسک ڈیم کے ملازمین بھی رہائش پذیر ہیں ۔ دوسری جانب آرمی چیف کی جانب سے فوری اور بروقت کارروائی پر سیکیورٹی فورسز اور پولیس کو سراہا گیا ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کرسچن کالونی میں ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد خود کش بمبار تھے، حالات کنٹرول میں ہیں اور سرچ آپریشن جاری ہے