خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور کو ہر لحاظ سے محفوظ شہربنایا جائے گا:قائمقام گورنر اسد قیصر

پشاور۔( اے پی پی )قائمقام گورنر صوبہ خیبرپختونخوا اسد قیصر نے کہا ہے کہ امن و امان کا قیام ان کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ۔وہ منگل کے روز اسمبلی سیکرٹریٹ میں صوبے بھر سے انصاف یوتھ کے کثیر رکنی وفد سے خطاب کررہے تھے ۔قائمقام گورنر اسدقیصر نے کہا کہ خطے بالخصوص افغانستان کی صورتحال سے ہمارا صوبہ اور وفاق براہ راست متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے خیبرپختوانخوا کا انفراسٹرکچر تباہ اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں ایک عالمی جنگ جاری ہے جس کے براہ راست منفی اثرات صوبے کی معیشت پر مرتب ہورہے ہیں ۔اسد قیصر نے کہا کہ پشاور کو ہر لحاظ سے ایک سیف سٹی بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لئے ہر ممکن جامع اقدامات کئے جارہے ہیں ۔قائمقام گورنر نے کہا کہ محلہ داری نظام کو بحال و فعال کرنے کے لئے پولیس اور عوام میں رابطے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور ہسپتالوں سمیت صوبے کے مختلف شعبوں میں قابل ذکراصلاحات کی گئی ہیں۔ ان اصلاحات کا مقصد عوام کو سہولیات پہنچانا ہے تاہم انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ان اصلاحات کے بارآور نتائج آئندہ چند برسوں میں برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کو خود مختار بنانے کے لئے انہیں مکمل طور پر آزاد کردیا گیا ہے اور تعلیم کے شعبے میں بھی نمایاں تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ہر پرنسپل کوالٹی ایجوکیشن کا ذمہ دار ہوگا اور سکولوں کی کارکردگی کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے بائیومیٹرک سسٹم لایاجارہاہے جبکہ تعلیمی شعبے میں یکساں نظام تعلیم متعارف کیا جارہاہے ۔