خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور کے چاروں ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن کیلئے آن لائن نظام کااجراء کردیاگیا

پشاور (ملت + آئی این پی) پشاور کے چاروں ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن کے لئے آن لائن نظام کااجراء کردیاگیا۔یہ نظام محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے منصوبے’’ای میونسپلٹی سروسز‘‘کے تحت وضع کیاگیاہے جس کے ذریعے صوبائی دارلحکومت کے چاروں ٹاؤنزکے تمام دفتری اْمور بشمول ،ٹینڈرنگ، بولی ونیلامی،اثاثوں کے ریکارڈ،انفراسٹرکچر،بجٹ سازی،فائل ٹریکنگ ،دفتری عملے کے ریکارڈ اورحاضری اکاؤنٹ کے معاملات ،میونسپل سروسز کی فراہمی کے نظام سمیت دیگرتمام معاملات کو ایک جدید آٹومیٹڈ اورآن لائن نظام کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک کرنے کے علاوہ انہیں مکمل طورپر آن لائن اورکمپیوٹرئزاڈ کردیا گیاہے۔اس نظام میونسپل کارپوریشنز کے تمام دفتری معاملات میں شفافیت کو یقینی بنائے جانے کے ساتھ کارپوریشنز کے ذمے شہری سہولیات وخدمات کی فراہمی کے عمل کو بھی سہل اوربہتر بنایا جائیگا۔ یہ دوسالہ منصوبہ 47.50 ملین روپے کی لاگت سے بطور پائلٹ پراجیکٹ شروع کیاگیاہے جسے بعد میں محکمہ بلدیات کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرکے اسے پورے صوبے تک وسعت دی جائے گی۔پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب جمعرات کے روزپشاور میں منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام خان تراکئی اورسنیئر وزیر برائے بلدیات عنایت اللہ خان نے اس منصوبے کو نہ صرف صوبے بلکہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا اورمنفرد منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت تمام سرکاری معاملات میں مکمل شفافیت اورلوگوں کو بہتر خدمات کی فراہمی پریقین رکھتی ہے۔ میونسپل سروسز کے معاملات کو آن لائن کرنے کے اس منصوبے سے نہ صرف عوام کو بنیادی شہری خدمات کی بہتر اندازمیں فراہمی بلکہ میونسپل کاروپوریشنز کے تمام معاملات میں شفافیت کو بھی یقینی بنائے جاسکے گا۔ صوبائی وزراء نے عوامی شکایات کے ازالے کے لئے ایک مؤثر نظام کو اہم قرار دیتے ہوئے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اوربلدیات کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ آپس میں بیٹھ کر عوامی شکایات سننے اوران کے بروقت ازالے کے لئے ایک جامع اورمؤثر میکنزم کو بھی اس آن لائن سسٹم کا حصہ بنائیں۔ صوبائی وزرانے کہا کہ اس نظام سے میونسپل سروسز سے متعلق حقائق پرمبنی معلومات اکھٹی کرنے اورعوامی مفاد میں بہتر فیصلہ سازی کرنے میں بہت زیادہ مدد ملے گی۔قبل ازیں تقریب کے شرکاء کو اس نظام کے مختلف پہلوؤں اورافادیت پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔ تقریب سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اوردیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔