خبرنامہ خیبر پختونخوا

پولیور کی سیکیورٹی ٹیم پرفائرنگ،2 اہلکارشہید

پولیور کی سیکیورٹی ٹیم پرفائرنگ،2 اہلکارشہید

چارسدہ:(ملت آن لائن) چارسدہ کے علاقے پڑانگ میں جرائم پیشہ عناصر نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔ تھانہ پڑانگ کی حدود ماجوکی میں پولیس کی گاڑی گشت پر تھی کہ جرائم پیشہ عناصر نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایس ایچ او ایوب خان موقع پر شہید جبکہ 2 پولیس اہلکار شاہ حسین اور آکاز خان شدید زخمی ہوگئے جنھیں لیڈ ی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کیا گیا جہاں پر کانسٹیبل شاہ حسین زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گئے، واقعے کے بعد پولیس نے ملزموں کا تعاقب کیا اور ایک ملزم ظاہر شاہ کو ہلاک کردیا۔ ڈی پی او چارسدہ ظہور آفریدی نے میڈیا کو بتایا کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والے اہلکار انسداد پولیو مہم کے حوالے سے گشت کررہے تھے کہ ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔

شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن چارسدہ میں ادا کی گئی جس میں ڈی آئی جی مردان عالم شنواری، ڈی پی او چارسدہ ظہور آفریدی، ضلع ناظم فہد خان، ایم این اے مولانا سید گوہر شاہ اور دیگر نے شرکت کی، ادھر پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ظاہر شاہ کے لواحقین اور اہل علاقہ نے پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پڑانگ پولیس نے مستورات کے تنازع پر مخالفین سے پیسے لے کر گھر پر دھاوا بولا، پولیس واقعے کو دہشت گردی کا رنگ دے کر اصل معاملہ چھپا رہی ہے، مقتول کے ایک بیٹے کو بھی غائب کیا گیا ہے، ڈیرہ کے علاقے کلاچی میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے والا مسلح شخص فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جس کی شناخت زرین خان ولد رنگین خان کے نام سے ہوئی ہے۔