خبرنامہ خیبر پختونخوا

پولیو کے خلاف مہم میں بہترین خدمات: توصیفی سرٹیفکیٹس تقسیم

مہمند ایجنسی(ملت + آئی این پی)مہمند ایجنسی، پولیو کے خلاف مہم میں بہترین خدمات کے اعتراف میں پی اے مہمند کی جانب سے 3 خواتین سمیت 10 افسران اور رضا کاروں میں توصیفی سرٹیفکیٹس تقسیم۔ محکمہ صحت ، پولیو عملے اور عمائدین و علمائے کرام کی کوششوں سے مہمند ایجنسی میں کوئی انکاری والدین نہیں۔ ایجنسی کے دور دراز علاقوں میں بر وقت پولیو مہم کی کامیابیوں میں سیکورٹی فورسز، پولیٹیکل انتظامیہ اور محکمہ جات کی محنت سے طویل عرصے میں کوئی پولیو کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پولیٹیکل ایجنٹ مہمند محمود اسلم وزیر نے پی اے آفس میں پولیو ورکروں کے اعزاز میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ ہیڈ کوارٹر حسیب الرحمن خلیل، محکمہ صحت کے ایجنسی سرجن ڈاکٹر شاد محمد، ڈاکٹر شبیر، ڈاکٹر قیوم شاہ اور محکمہ تعلیم کے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار کے علاوہ کثیر تعداد میں پولیو ورکرز اور ذمہ داران نے شرکت کی۔ پی اے مہمند نے مہمند ایجنسی میں پولیو مہم تسلسل کے ساتھ کامیابی کے ساتھ چلانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اور عوامی تعاون کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز، پولیٹیکل انتظامیہ، مقامی علمائے کرام ، عمائدین اور والدین کے تعاون سے دور دراز علاقوں میں بھی ہر مہم باقاعدگی کے ساتھ چلاتی جار ہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مہمندایجنسی میں کئی سالوں سے پولیو کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا جو کہ اطمینان بخش بات ہے۔ تقریب کے آخر میں نمایاں خدمات انجام دینے کے اعتراف میں محکمہ تعلیم کے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار اور لیڈی ٹیچر نسرین، محکمہ صحت کے گل خان، اکبر علی، اسرار علی، نصرت ایل ایچ وی، رضیہ بیگم ایل ایچ وی، سوشل ورکرز عبدالخالق خان، طارق صافی اور غازی نواز کو پولیٹیکل ایجنٹ مہمند نے توصیفی سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔