خبرنامہ خیبر پختونخوا

پٹرولنگ پولیس پر فائرنگ سے ایک اہلکار شہید

پشاور: (ملت+اے پی پی) دہشت گردوں نے پٹرولنگ فورس کو اس وقت نشانہ بنایا جب پولیس کے جوان اپنی ڈیوٹی پر رنگ روڈ سے گذر رہے تھے۔ نامعلوم دہشت گردوں نے گاڑی پر چاروں اطراف سے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں انچارج اے ایس آئی عصمت شہید جبکہ دو اہلکار اور ایک رکشہ ڈرائیور زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ابتدائی تحقیقا ت کے مطابق دہشت گرد سیمی آٹومیٹک گنوں سے لیس تھے۔ رنگ روڈ اور اطراف میں اس سے قبل بھی متعدد بار پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پیش آ چکے ہیں جبکہ چند روز قبل بشیر آباد کے علاقہ میں فرنٹئیر کانسٹیبلری کی گاڑی کو بھی بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔