خبرنامہ خیبر پختونخوا

پھولوں کا شہر پشاور کی عظمت رفتہ کی بحالی اولین ترجیح ہے ،شوکت یوسف زئی

پشاور (آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اور رکن صوبائی اسمبلی شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پشاور کو ایک بار پھولوں کا شہر بنایا جائیگا اور اسکی عظمت رفتہ کی بحالی و خوبصورتی کیلئے دور اس اقدامات کئے جا رہے ہیں ،عوام نے جس طرح لوٹ مار اور کرپشن میں ملوث سیاستدانوں کو 2013 کے انتخابات میں مسترد کیا تھا 2018 میں بھی وہ یہی عمل دھرائیں گے تاکہ تعمیر و ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہین مسلم ٹاؤن پشاور میں سینکڑوں افراد کی پیپلز اور اے این پی سے مستعفیٰ ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پرجلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جن میں علاقے کی سرکردہ شخصیت اور اے این پی کے مقامی رہنماء شیر خان بھی شامل تھے ٹاؤن ممبرز عثمان یوسفزئی، محمد عمران پی ٹی آئی کے رہنماء واجد علی اور دیگربھی اس موقع پرموجود تھے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پشاور شہر کو ہمیشہ سے نظر انداز کیا جاتا رہا ماضی میں عوام کے ووٹوں سے منتخب عوامی نمائندوں نے صرف اپنی جیبیں بھریں تاہم شہر کی تعمیروترقی اور عوام کی حالت زندگی بدلنے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے تاریخ میں پہلی بار اس شہر کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے عملی اقدامات کا بھیڑا اٹھایا ،سڑکوں کی کشادگی وپختگی، نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، گلی کوچوں کی معیاری تعمیر، شہر میں قائم پارکوں کی تزئین وآرائش اور بحالی کے علاوہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے جامع اور مربوط نظام کووضع کیاگیا ، جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں انہوں نے کہا کہ ماضی میں ترقیاتی فنڈز کو مادر شیر سمجھکر لوٹا جاتا رہا، عوام کے ٹیکسوں سے جمع ہونیوالی رقم چند افراد کے عیش وآرام پر خرچ ہوتا رہا یہی وجہ ہے کہ عوام تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی اور سڑکوں کی سہولت سے محروم چلے آرہے ہیں انہوں نے کہا کہ 2018 تک پشاور شہر کے 70 فیصد مسائل پر قابو پالیا جائیگا جبکہ عوام 2013 کی طرح آنے والے انتخابات میں بھی تحریک انصاف کو ووٹ دینگے تاکہ ترقی اور خوشحالی کے اس سفر کو جاری رکھا جاسکے اس موقع پر علاقے کی معروف شخصیت اور اے این پی کے رہنماء شیر خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کی قیادت میں بھر پور اعتماد کا اظہار کیا۔