خبرنامہ خیبر پختونخوا

پیپلز پارٹی کے فعال و مخلص کارکنوں کو آگے لاکر پارٹی کو مضبوط بنایا جائیگا:رحیم دادخان

پشاور۔19اپریل ( اے پی پی )پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی صدر رحیم داد خان نے کہا ہے کہ پارٹی کے مخلص جیالوں کو آگے لاکر تمام دیرینہ کارکنوں سے رابطے کر کے عہدیداروں کا چناؤ کیا جائے گا،پارٹی قیادت کی جانب سے چاروں صوبائی تنظیمیں تحلیل کرکے نئی تنظیم سازی کا فیصلہ احسن اقدام ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پیپلز پارٹی کو صوبے میں مزید فعال و مقبول اور منظم بنانے کے لئے بنائی گئی کمیٹی اپنی ذمہ داری نیک نیتی اور باہمی مشاورت سے سرانجام دے گی اس سلسلے میں صوبے کے تمام اضلاع کے تفصیلی دورے کئے جائینگے جہاں پر پارٹی کے وفادار فعال ،نظریاتی،متحرک اور پارٹی کے مخلص کارکنوں کو آگے لاکر پارٹی کو مضبوط کیا جائیگا کمیٹی ضلعی قیادت کے لئے تمام کارکنوں و عہدیداروں کی باہمی مشاورت سے نام فائنل کر کے چیئرمین بلاول بھٹو کو پیش کرے گی