خبرنامہ خیبر پختونخوا

پی اے ایف بیس بڈھ بیرپرحملے میں ملوث خاتون سہولت کارگرفتار

پشاور:(اے پی پی ) سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے بڈھ بیر میں پاک فضائیہ کے بیس پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کی سہولت کار کو گرفتارکرلیا ہے۔ کاؤنٹرٹرارزم ڈیپارٹمنٹ پشاورکے جاری کردہ بیان کے مطابق گزشتہ برس بڈھ بیرمیں پی اے ایف بیس پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کی مدد اورانہیں اس کارروائی میں سہولیات فراہم کرنے والی ایک عورت کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتارعورت کا تعلق پشاور کے علاقے ٹیلہ بند سے بتایا جارہا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ اس عورت نے پی اے ایف بیس پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو ناصرف قیام و طعام کی سہولت فراہم کی بلکہ اس نے انہیں دستی بم بنانے کے لئے کیمیکل، اور دیگر سامان بھی لاکر دیا ۔ سی ٹی ڈی نے سہولت کار خاتون کو خفیہ مقام پر منتقل کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ پی اے ایف بیس پر حملہ میں 29 افراد شہید جب کہ تمام حملہ آورہلاک ہوگئے تھے۔