خبرنامہ خیبر پختونخوا

پی ٹی آئی ناکام رہی ہے؛ طاہرعمرزئی

پی ٹی آئی ناکام رہی ہے؛ طاہرعمرزئی
پشاور: (ملت آن لائن) تحریک انصاف کے سابق بانی رکن اور منشور کے معمار طاہر عمر زئی نے کہاہے کہ تحریک انصاف نے اپنے منشور میں جو وعدے کیے تھے وہ مکمل طورپر نافذ کرنے میں ناکام رہی ہے‘ اور اب یہ عمران خان کی کوشش ہے کہ وہ بڑے بڑے سیاستدانوں کوپارٹی میں شامل کرکے 2018ء الیکشن میں کامیابی حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کے دیرینہ اوروفادارکارکنوں کو نظرانداز کرکے پی ٹی آئی کی 2018ء کی الیکشن مہم پر بڑے منفی اثرات مرتب ہونگے اور عمران خان کا یہ رحجان قطعی طورپر پارٹی کے مفاد میں نہیں ہے۔ ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اپنے چار سالہ دور میں اپنے منشور پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہی ہے اور تعلیم‘ صحت‘ لوکل باڈیز بشمول دوسرے اداروں میں اصلاحات کے دعوے سوشل میڈیا تک محدود ہیں‘ صوبے میں یکساں نظام تعلیم رائج کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور آج بھی تعلیم کے تین نظام بشمول سرکاری‘ غیر سرکاری اور مدرسہ تعلیم دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کے سرکاری اداروں میں کرپشن اور کمیشن کلچرل جاری ہے اور پی ٹی آئی نے اپنے ہی احتساب کمیشن کو تالے لگادیئے ہیں‘ بار بار ترمیم سے احتساب کمیشن کی کارکردگی پر منفری اثرات مرتب ہوئے ہیں اور عوام کا پی ٹی آئی کے احتساب سے اعتماد اٹھ گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پرویز خٹک اگر احتساب میں مخلص ہیں تو سابق ڈی جی احتساب کمیشن جنرل (ر) حامد خان کو دوبارہ واپس لایاجائے‘ احتساب کمیشن پی ٹی آئی اکابرین کی گلے کی ہڈی بن گئی ہے‘ نہ ہی ہضم ہوسکتی ہے اور نہ اگل سکتی ہے اور یہ پی ٹی آئی کی احتساب کیخلاف آواز پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ہیں اور میٹرو بس کا منصوبہ حکومت کے اختتام پر شروع کرنے کا مقصد سیاسی فائدہ اٹھاناہے‘ اگر پی ٹی آئی میٹرو بس بنانے میں سنجیدہ تھی تو 2013-14ء میں اس منصوبے پر کام شروع کرتے‘ عمران خان نے صوبے کے مسائل حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی اوراپنی توانائیاں دھرنوں اور احتجاجی سیاست کی نظر کی۔