خبرنامہ خیبر پختونخوا

چترال: برفانی تودے تلے دب جانیوالے طلباء کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری

چترال:(اے پی پی)چترال کے علاقے سوسوم میں برفانی تودے تلے دب جانیوالے طلباء کی تلاش کےلئے 8 ویں روز بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے ، برفانی تودہ گرنے سے 9 طلباء دب گئے تھے ، بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ چترال میں برفانی تودہ تلے دبنے والے طلباء کے لواحقین کی امیدیں دم توڑنے لگیں ، امدادی کارروائیوں میں این ڈی ایم اے کی اسپیشل ٹیم ، چترال سکاؤٹس ، پولیس ، لیویز اور مقامی کمیونٹی کے افراد حصہ لے رہے ہیں ۔ بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے ، آٹھ روز کی مسلسل کوشش کے باوجود ابھی تک کسی طالب علم کی لاش بر آمد نہیں ہو سکی ۔ گزشتہ روز جی او سی مالا کنڈ نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور طلباء کی تلاش کے لئے جدید مشینری جلد فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ آٹھ روز قبل برفانی تودہ گرنے سے 9 طلباء دب گئے تھے ، مقامی افراد نے دو طلبا کی لاشیں نکال لی تھیں جبکہ دیگر سات کی تلاش جاری ہے ۔