خبرنامہ خیبر پختونخوا

چہلم امام حسینؓ کے موقع پر امام بارگاہوں میں خصوصی مجالس

چہلم امام حسینؓ کے موقع پر امام بارگاہوں میں خصوصی مجالس
پشاور: (ملت آن لائن) پشاور کی مختلف امام بارگاہوں میں حضرت امام حسینؓکی چہلم کے حوالے سے خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر حسینیہ ہال پشاور صدر سمیت شہر کے مختلف امابارگاہوں میں ماتمی جلوس نکالے گئے اور امام حسینؓکی یاد میں سینہ کوبی کی گئی۔ اس موقع پر ذاکرین نے امام حسینؓ اور ان کے خاندان کی لازوال قربانیوں کی یاد میں تقاریر کیں اور ان کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہؐ کے نواسوں نے اپنے نانا کے دین کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جو رہتی دنیا تک یاد رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ حضورؐ کے پیارے اور محبوب نواسے تھے، ہمیں ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہئے۔ اس موقع پر خواتین کی ایک بڑی تعداد نے بھی امام بارگاہوں کا رخ کیا اور حضرت امام حسینؓ کے چہلم کی مناسبت سے امام بارگاہوں کے اندر نوحہ خوانی کی۔