خبرنامہ خیبر پختونخوا

کارخانو مارکیٹ میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا

پشاور: (ملت+اے پی پی) پشاور کو ایک بار بڑی تباہی سے بچالیا گیا ۔ شہر کے سب سے بڑے خریداری کے مرکز کارخانو مارکیٹ میں ہتھ گاڑی میں رکھا گیا پندرہ کلو گرام وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا ۔ پشاور ایک بار پھر بڑی تباہی سے بچ گیا ۔ دہشتگردوں نے اپنے مذموم مقاصد کیلئے کارخانو مارکیٹ کو چنا ۔ شرپسندوں کی جانب سے پیرانو مارکیٹ کے قریب پھلوں کے ٹھیلے میں دیسی ساختہ بم کارٹن میں بند کر کے رکھا گیا تھا ۔ تاجروں نے مشکوک چیز دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی جس نے بم ڈسپوزل یونٹ کو طلب کرلیا ۔ بی ڈی یو نے موقع پر پہنچ کر بم ناکارہ بنادیا ۔ پولیس کے مطابق بم کا وزن پندرہ کلوگرام تھا جس سے بڑی تباہی پھیلنے کا خدشہ تھا ، بم ریموٹ کنٹرول سے منسلک تھا ۔ بم ناکارہ بناتے وقت جمرود روڈ کو ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا ۔ خیبر ایجنسی سے متصل کارخانو مارکیٹ میں گزشتہ سال بھی متعدد بم ناکارہ بنائے جا چکے ہیں ۔