خبرنامہ خیبر پختونخوا

کم قیمت پرگیس کی فراہمی عوام کا آئینی حق ہے: مشتاق احمد خان

کرک (آئی این پی )جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ کم قیمت پر گیس کی فراہمی کرک کے عوام کا آئینی حق ہے ،قبیلہ خٹک کے مشران کی مشاورت سے کرک کیلئے مختص 10فی صد رائلٹی میں اضافہ کیا جائے ،وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم صوبائی ،لسانی اورعلاقائی تعصب کی سب سے بڑی وجہ ہے ،وفاقی حکومت پیداواری ضلع کے عوام کو نظراندازکرکے نفرتوں کو فروغ دے رہی ہے ان خیالات کا اظہارانہوں نے میٹھاخیل (کرک) میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر جماعت اسلامی کرک کے امیر مولانا تسلیم اقبال ،نائب امیر ضلع مولانا سمیع الرحمان اوردیگر نے بھی خطاب کیا ،مشتاق احمد خان نے اپنے خطاب میں حکمرانوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جیلوں اورہتھکڑیوں کے حقدارایوان اقتدارپر قابض ہیں ،سیکولرسیاستدان تبدیلی اورترقی نہیں چاہتے ،یہ صرف جذباتی نعروں کے سوداگر اورعوامی جذبات کے بیوپاری ہیں پانامہ لیکس میں شامل 600خاندانوں نے ملکی سیاست کو یرغمال کررکھا ہے ،وطن عزیز کے زرخرید سیاستدانوں ،حکمرانوں کے مفادات امریکہ سے وابستہ ہیں ،یورپ اورامریکہ کے پری پیڈ سیاستدانوں کو اسلامی اورخوشحال پاکستان کے قیام میں اپنی موت صاف نظر آرہی ہے،چند سو خاندانوں پر مشتمل اس اشرافیہ کے ہسپتال ، تعلیمی ادارے ،مال ودولت،تجارت اورکارخانے یورپ وامریکہ میں قائم ہیں ،اقتداراورحکومت کے سوا پاکستان کی کوئی چیز ان کو پسند نہیں ،یہی طبقہ قومی وسائل پر سانپ بن کر بیٹھا ہے ،اسلامی انقلاب اورکرپشن فری پاکستان کے قیام کیلئے ان کے گریبانوں میں ہاتھ ڈالے بغیر کوئی چارہ نہیں ،انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کرپشن پاکستان کے سیاستدانو ں کی بین الاقوامی شناخت بن گئی ہے اورکرپٹ حکمران نہ صرف ملک کی معاشی تباہی کے ذمہ دارہیں بلکہ عالمی سطح پر ہماری بدنامی کا سبب ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اسلامی آئین کے باوجود انتخابی نظام کی خرابیوں کی وجہ سے اقتدارکے ایوانوں تک پہنچنے والوں کی اکثریت سودخوروں اورشراب خوروں پر مشتمل ہے ،421ڈرون حملوں میں ہزاروں پاکستانی شہیدہوئے لیکن انجمن غلامان امریکہ پر مشتمل حکومتی ٹولے اوراشرافیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ،انہوں نے ظلم کیخلاف بغاوت کا اعلان کرکے ملک سے بدامنی ،لوڈشیڈنگ ،غربت ،بیروزگاری ،دہشت گردی ،مہنگائی ،وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم ،کرپشن ،اقرباپروری کے خاتمے، اسلامی وخوشحال پاکستان کے قیام کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دینے کی اپیل کی ۔