خبرنامہ خیبر پختونخوا

کوہاٹ، پولیس نے فحش مواد برآمد کرکے نیٹ کیفے کے 9 مالکان کو گرفتار کرلیا

کوہاٹ (ملت + آئی این پی) کوہاٹ پولیس نے بڑی تعداد میں فحش مواد برآمد کرکے نیٹ کیفے کے نو مالکان کو گرفتار کرلیا ہے۔زیر حراست ملزمان کے خلاف نوجوانوں کے موئل فونز میں فحش فلمیں ڈاؤن لوڈ کرنے کے جرم میں مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کو عوامی شکایات موصول ہورہی تھی کہ پرانا لاری اڈہ میں قائم متعدد نیٹ کیفے کے کمپیوٹر آپریٹرز شہر کے جوان العمر لڑکوں کے موبائل فونز میں فحش مواد ڈاؤن لوڈ کرنے کے مکروہ دھندے میں مصروف عمل ہیں۔انہیں شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے انہوں نے مقامی تھانے کے ایس ایچ او کو فوری کاروائی کرنے کے احکامات جاری کردئیے ۔ڈی پی او کے احکامات کی روشنی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی طاہر نواز نے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ شہر کے وسط میں واقع پلانا لاری اڈہ میں قائم نیٹ کیفوں پر اچانک چھاپے مارے اور تلاشی آپریشن کے دوران پولیس نے کمپیوٹرز کی تجزیہ کرتے ہوئے بڑی تعداد میں فحش فلمیں ،تصاویر ،گانے اور دیگر فحش مواد برآمد کرکے نیٹ کیفے کے نو مالکان سید وسیم شاہ گیلانی سکنہ جنگل خیل،شکیل سکنہ جرما،رفاقت سکنہ کاگزئی،عاصم سکنہ چورلکی،نثار علی سکنہ چکر کوٹ بالا،بصیر خان،فلک شیرساکنان پرانا مالمنڈی اور رضوان سکنہ چمبئی کو گرفتار کرلیا۔کاروائی کے دوران پولیس نے نیٹ کیفوں سے کمپیوٹر ایل سی ڈی،سی پی یو اور دیگر سامان قبضے میں لیکر زیر حراست ملزمان کو تھانہ سٹی منتقل کردیا جہاں انکے خلاف فحش مواد رکھنے کے الزام میں مقدمات درج کرلئے گئے۔