خبرنامہ خیبر پختونخوا

کوہاٹ، پی اے ایف بیس کے اطراف میں سرچ آپریشن، چودہ مشکوک افراد گرفتار

کوہاٹ (ملت + آئی این پی) کوہاٹ پی اے ایف بیس کے اطراف میں سرچ آپریشن کے دوران چودہ مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا۔گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کرلئے گئے ہیں۔ایس پی آپریشنزکوہاٹ طارق محمود کی براہ راست نگرانی میں مشتبہ دہشتگردوں،مجرمان اشتہاری اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے سلسلے میں پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے ڈی ایس پی صدر سرکل حسین غلام کی سربراہی میں کاروائی کرتے ہوئے منگل کے روز پی اے ایف بیس کے اطراف میں واقع میاں گان کالونی،آفریدی بانڈہ اور درے وال بانڈہ کے علاقوں کا محاصرہ کرتے ہوئے ٹارگٹڈ گھروں کی تلاشی کے دوران چودہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر دو کلاشنکوف،تین رائفل،ایک ریپیٹر،پانچ پستول ،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس اور ڈھائی کلوگرام چرس برآمد کرلئے۔آپریشن کے دوران گرفتار افراد کو چھان بین کیلئے تھانہ محمد ریاض شہید منتقل کردیا گیا جہاں اسلحہ و منشیات رکھنے کے جرم میں بعض افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے۔