خبرنامہ خیبر پختونخوا

کوہاٹ، 36کلوگرام منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام، سمگلر گرفتار

کوہاٹ (ملت + آئی این پی )کوہاٹ پولیس نے لاکھوں مالیت کی چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناکرمنشیات سمگلر کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا ہے۔بھاری مقدار میں چرس علاقہ غیر سے ٹرک کے ذریعے پنجاب سمگل کی جارہی تھی۔بین الصوبائی منشیات سمگلر کومرئی پولیس چیک پوسٹ پر تلاشی کے دوران چرس سے بھری ٹرک سمیت حراست میں لیا گیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈی پی او کوہاٹ جاوید اقبال کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ استرزئی محمد افضل اعوان نے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ کو علاقہ غیر اورکزئی ایجنسی سے ملانے والی اہم شاہراہ پر واقع مرئی چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ شروع کررکھا تھا کہ اس اثناء میں اورکزئی ایجنسی سے کوہاٹ آنے والی ایک مشکوک ٹرک نمبر پشاور K-8607کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا ۔پولیس نے تلاشی کے دوران ٹرک کے خفیہ خانوں سے مجموعی طور پر 36کلوگرام اعلی ٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے گاڑی میں سوار منشیات کے بین الصوبائی سمگلر سید جواد حسین ولد سید شاہ حسین گل سکنہ مرئی بالا کو منشیات بھری گاڑی سمیت حراست میں لیکر تھانہ استرزئی منتقل کردیا جہاں اسکے خلاف منشیا ت سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق زیر حراست منشیات سمگلر نے ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران چرس کی بھاری مقدار اورکزئی ایجنسی سے پنجاب کے مختلف شہروں کو سمگل کرنے کا اعتراف جرم کرلیا ہے۔بعدازاں ملزم کو مقامی عدالت کے سامنے پیش کرکے انکا مزید جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے جس سے دوران تفتیش منشیات ڈیلر گروہ کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے کے سلسلے میں اہم انکشافات متوقع ہیں ۔