خبرنامہ خیبر پختونخوا

کوہاٹ؛ تازہ کاروائیوں میں 78قانون شکن گرفتار

کوہاٹ:(ملت+آئی این پی )کوہاٹ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران تازہ کاروائیوں میں مزید پانچ اشتہاری مجرمان اور دو سہولت کاروں سمیت 78قانون شکنوں کو گرفتار کرلیا گیاہے۔کریک ڈاؤن میں ایک سود خور کو بھی حراست میں لیا گیا ۔زیر حراست اشتہاریوں میں اقدام قتل کے مقدمہ میں نامزدایک خاتون بھی شامل ہے۔کاروائی میں گرفتار افراد کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ و منشیات بھی برآمد کرلئے گئے ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں انسداد جرائم کی خاطر جاری کریک ڈاؤن کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے مختلف تھانوں کی پولیس کے الگ الگ ٹیموں نے علاقائی حدود میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد خصوصاًسنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں ،منشیات فروشوں،قمار بازوں،اسلحہ و منشیات سمگلروں اور سود خوروں کے ٹھکانوں پر اچانک چھاپے مارے اور ان کاروائیوں کے دوران قتل و اقدام قتل اور اغوائیگی کے مقدمات میں نامزد اشتہاری مجرمان مسماۃ رخسانہ سکنہ حیات شہید کالونی،نعمت اللہ سکنہ جنگل خیل،بلال ،اصلی گل ساکنان ضلع کرک اور معمور خان ساکن میروزئی کو گرفتار کرلیا گیا۔کاروائی میں اشتہاری مجرمان کو پناہ دینے کے الزام میں دو سہولت کاروں احمد شہباز سکنہ گڑھی مواز خان اور سید عالم شاہ سکنہ کچئی کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔کریک ڈاؤن کے دوران دو منشیات فروشوں سید نور شاد سکنہ خادیزئی اور محمد غیاث ساکن شادی پور کو منشیات سمیت گرفتار کرکے قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ سود کے نجی کاروبار سے وابستہ ایک اور ملزم اسد نوید سکنہ لاچی پایاں بھی پولیس کے نرغے میں آگیا ہے جسکے خلاف تھانہ لاچی میں مقدمہ قائم کردیا گیا ہے۔ پولیس نے گزشتہ روز کی کاروائی میں اشتہاری مجرمان اور منشیات فروشوں سمیت مختلف جرائم میں ملوث 78ملزمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر دو کلاشنکوف،تین شاٹ گن،دو رائفل ،پانچ پستول ،سینکڑوں کارتوس اور چار کلو گرام چرس برآمد کرلئے ہیں اور گرفتار افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں الگ الگ مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔