خبرنامہ خیبر پختونخوا

کوہاٹ ،پولیس نے لاکھو ں مالیت کی منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی

کوہاٹ (ملت + آئی این پی) کوہاٹ پولیس نے لاکھو ں مالیت کی منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر قبائلی سمگلر کو چرس بھری گاڑی سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ پکڑی گئی چرس گاڑی کے فیول ٹینکی میں چھپائی گئی تھی جو علاقہ غیر سے پنجاب سمگل کی جارہی تھی۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈی پی او جاوید اقبال کے حکم پر منشیات کے خلاف جاری آپریشن کی کاروائیوں کے تسلسل میں ایس ایچ او تھانہ استرزئی محمد افضل اعوان نے پولیس نفری کے ہمراہ مرئی روڈ پر پولیس چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کرتے ہوئے گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ شروع کررکھا تھا کہ اس اثناء میں اورکزئی ایجنسی سے آنے والی مشکوک سوزوکی پک اپ گاڑی نمبر LWR-7797کو تلاشی کی غرض سے روک لیا ۔پولیس نے تلاشی کے دوران گاڑی کی فیول ٹینکی میں بنے خفیہ خانے کی پڑتال کے دوران بھاری مقدار میں چرس برآمد کرکے گاڑی میں سوار منشیات کے قبائلی سمگلر جہانداد ولد اسلام گل سکنہ خیبر ایجنسی کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق منشیات بھری گاڑی سمیت گرفتار سمگلر کو تھانہ استرزئی منتقل کردیا گیا جہاں اسکے خلاف چرس سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس ذرائع کے بقول گاڑی سے برآمد ہونے والی اعلیٰ کوالٹی چرس کی مجموعی مقدار 21کلوگرام ہے جو علاقہ غیر اورکزئی ایجنسی سے کوہاٹ کے راستے پشاور اور بعد ازاں پنجاب سمگل کی جارہی تھی جسکا ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران زیر حراست منشیات سمگلر نے اعتراف بھی کرلیا ہے۔ کاروائی میں پکڑی گئی چرس کی کل مالیت تیس لاکھ روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔