خبرنامہ خیبر پختونخوا

کوہاٹ ، ہوائی فائرنگ ، منشیات کیخلاف آپریشن58 گرفتار، اسلحہ برآمد

کوہاٹ (ملت + آئی این پی) کوہاٹ میں ہوائی فائرنگ اور منشیات کے خلاف کلین سویپ آپریشن کے دوران 58قانون شکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔زیر حراست افراد میں اٹھارہ منشیات فروش اور ہوائی فائرنگ کے مرتکب چالیس ملزمان شامل ہیں جن سے بڑی تعداد میں اسلحہ و منشیات بھی قبضے میں لئے گئے ہیں ۔گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرکے جیل بھیج دئیے گئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کو یقینی بنانے اور معاشرے سے ہوائی فائرنگ اور منشیات فروشی وقمار بازی جیسے قبیح اعمال کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے حوالے سے ڈی پی او جاوید اقبال کی جاری کردہ خصوصی ہدایات کی روشنی میں کوہاٹ کے مختلف تھانوں کی پولیس نے اپنے علاقائی حدود میں ہفتہ رفتہ آپریشن کلین سویپ کے دوران شادی کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ اور مختلف مقامات پر منشیات فروشی کی اطلاعات پر کاروائیاں عمل میں لاتے ہوئے چھاپوں کے سلسلے میں 58قانون شکن عناصر کو گرفتار کرلیا ہے۔ہوائی فائرنگ اور منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار افراد کے قبضے سے پولیس نے بڑی تعداد میں اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کرکے قبضے میں لئے ہیں جن میں دو کلاشنکوف،تین ریپیٹرز،دو بندوق،دو رائفل،پچیس پستول،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس اور پچیس کلوگرام چرس شامل ہیں ۔پولیس کے مطابق ڈی پی او جاوید اقبال نے ہوائی فائرنگ اور منشیات و قمار بازی کی لعنت کے سد باب کے حوالے سے پولیس افسران کا ایک اہم اجلاس طلب کرکے اس سلسلے میں خصوصی ہدایات جاری کئے تھے جس پر عملدرآمد یقینی بنانے اور ان قبیح اعمال کی نشاندہی کیلئے حساس اداروں کے اہلکاروں کی خدمات بھی حاصل کرلئے گئے ہیں جبکہ کسی بھی تھانے کی حدود میں مزکورہ جرائم کی شکایات ملنے کی صورت میں متعلقہ پولیس افسرکے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لانے کی تنبیہ بھی جاری کی گئی ہے۔ ہوائی فائرنگ ،منشیات فروشی اور قمار بازی جیسے معاشرتی جرائم کے خاتمے کیلئے شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے جرائم کی اطلاع فوری طور پر مقامی پولیس کو دیکر معاشرے کو جرائم سے پاک کرنے کی مشترکہ کوششوں میں اپنا کردار ادا کریں۔