خبرنامہ خیبر پختونخوا

کوہاٹ جنگل خیل میں سرچ آپریشن ،15 افغان باشندوں سمیت 26مشتبہ افراد گرفتار

پشاور (ملت + آ ئی این پی) کوہاٹ جنگل خیل میں سرچ آپریشن کے دوران پندرہ افغان باشندوں سمیت 26مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔زیر حراست افراد سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔آپریشن میں گرفتار مسلح افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں جبکہ مشتبہ افراد کی چھان بین کا سلسلہ جاری ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں مجرمانہ سرگرمیوں کے حامل عناصر کے خلاف پولیس کا گھر گھر تلاشی آپریشن کامیابی سے جاری ہے ۔آپریشن کے اس سلسلے میں پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے جمعہ کے روز ایس ایچ او تھانہ جنگل خیل قسمت خان کی قیادت میں مقامی آبادی کا محاصرہ کرکے ٹارگٹڈ مقامات پر تلاشی آپریشن کے نتیجے میں پندرہ افغان باشندوں سمیت 26مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر ایک بندوق،دس پستول اور مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس برآمد کرلئے۔کاروائی میں گرفتار افراد کو سخت سیکیورٹی میں تھانہ جنگل خیل منتقل کردیا گیا ہے جہاں ناجائز اسلحہ رکھنے کے جرم میں نو افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں جبکہ زیر حراست مشتبہ افراد کی سرگرمیوں اور کوائف کی چھان بین شروع کردی گئی ہے۔آپریشن کا کاروائی چار گھنٹے تک جاری رہی جسمیں خواتین پولیس،بم ڈسپوذل سکواڈ ،حساس اداروں اور جدید ٹیکنالوجی آلات سے لیس اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔کاروئی کے دوران علاقے کی طرف آنے جانے والے راستوں کی ناکہ بندی کرلی گئی تھی اور اس دوران پولیس فورس کو بھاری مشین گنوں سے لیس بکتر بند گاڑیوں کی مددبھی حاصل رہی۔