خبرنامہ خیبر پختونخوا

کوہاٹ جنگل خیل پولیس نے چاررکنی مسلح ڈکیت گروہ کو سرغنہ سمیت گرفتارکرلیا

پشاور (ملت + آ ئی این پی) کوہاٹ جنگل خیل پولیس نے چاررکنی مسلح ڈکیت گروہ کو سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ڈکیتی کی واردات کو موقع پر ناکام بناتے ہوئے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔پولیس ذرائع کے مطابق موضع جنگل خیل سے ملحقہ مقامی آبادی میں ڈکیتی کی نیت سے مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاع پر بروقت کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ جنگل خیل قسمت خان نے بھاری پولیس نفری کے ہمراہ اچانک چھاپہ مار کر علاقے کو گھیرے میں لے لیااور تلاشی کے دوران شدید مزاحمت اور تعاقب کے بعد مسلح رہزن گروہ کے سرغنہ ذیشان ولد منور ،ماجد ولد اورنگزیب ،عمیر ولد ہاشم اوراجمیر ولد غریب گل ساکنان جنگل خیل کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے دو عدد پستول اور درجنوں کارتوس برآمد کرلئے۔پولیس نے سرغنہ سمیت گرفتار رہزن گروہ کو تھانہ جنگل خیل منتقل کردیا جہاں انکے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔زیر حراست رہزن گروہ کو بعد ازاں مقامی عدالت کے سامنے پیش کردیا گیا اورفاضل جج کے حکم پر رہزن گروہ کے سرغنہ ذیشان کو جیل بھیج دیا گیا جبکہ تین رہزنوں کو جسمانی ریمانڈ پر تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے جن سے دوران تفتیش اہم انکشافات متوقع ہیں۔جنگل خیل کے عوامی و سماجی حلقوں نے پولیس کی اس کاروائی کو سراہتے ہوئے ایس ایچ او قسمت خان اور کاروائی میں حصہ لینے والی پولیس پارٹی کو زبر دست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔