خبرنامہ خیبر پختونخوا

کوہستان میں نئے ضلع کی تقسیم کا تنازعہ شدت اختیار کرگیا

کوہستان(اے پی پی)کوہستان میں نئے ضلع کی تقسیم کے تنازعے پر تحصیل پالس اور پٹن کے عوام کے مابین جاری کشیدگی کی وجہ سے 5 لاکھ افراد کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔جنوری2014 میں لوئر کوہستان کو ضلع کا درجہ ملنے کا نوٹیفیکیشن جاری ہوا تو اہلیان پٹن کی خوشی دیدنی تھی، پالس کے رکن صوبائی اسمبلی مولانا عصمت اللہ نے اس کی مخالفت کی اور ان کی رٹ پر پشاور ہائی کورٹ نے نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیا ۔عدالتی نوٹی فکیشن کے جواب میں پٹن اصلاحی کمیٹی اور جرگے نے پالس کے عوام کے سوشل بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
بائیکاٹ کی وجہ سے پٹن اور پالس کے 5 لاکھ افراد کے درمیان خلیج حائل ہو گئی ہے ۔پالس جانے والی واحد سڑک پٹن شہر کے درمیان سے گزرتی ہے،امن و امان کی صورت حال بظاہر پرسکون ہے مگر عدم اعتماد کی فضا کی وجہ سے ایک دوسرے کے علاقوں میں تعینات سیکڑوں سرکاری اہلکار ڈیوٹی سے غیر حاضر اور کاروبار ٹھپ ہونے سے کروڑوں روپے روزانہ کا نقصان ہو رہا ہے ۔ڈویژنل انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ جرگے کے ذریعےکشیدگی کا جلد خاتمہ کر دیا جائے گا۔اہالیان پالس کا مطالبہ ہے کہ اگر انہیں دریا کے جنوبی طرف سے الگ راستہ فراہم کر دیا جائے توان کی مشکلات کم ہوجائیں گی ۔