خبرنامہ خیبر پختونخوا

کینٹ پولیس نے4 ڈکیتوں کو گرفتارکرلیا

ایبٹ آباد : (اے پی پی) کینٹ پولیس نے ڈکیتی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 7 رکنی ڈکیت گروہ کے 4 اراکین کو گرفتار کر لیا ہے،3 فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، گرفتار ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ ڈی ایس پی کینٹ کیڈٹ خورشید نے ایس ایچ او تھانہ کینٹ سردار رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پولیس کو اطلاع ملی کہ بین الصوبائی ڈکیٹ عبدالجبار سکنہ لاڑکانہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایبٹ آباد میں بڑی ڈکیتی کیلئے داخل ہوا ہے، پولیس نے ڈکیتوں کی گاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے 4 ڈکیت ماسٹر مائنڈ عبدالجبار کو ساتھیوں عاطف، فخرعالم اور محسن سمیت گرفتار کر لیا جبکہ احسان عرف پوما، بابر اور شوکت فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے4 پستول اور 50 کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ڈکیت عبدالجبار نے دوران تفتیش سرائے صالح ڈکیتی کا اعتراف بھی کیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ملزمان احسان، شوکت، بابر ایبٹ آباد کے کلیم خان قتل کیس میں پولیس کو مطلوب ہیں۔