خبرنامہ خیبر پختونخوا

کے پی کے بجٹ اجلاس کے دوران پی ٹی آئی رکن اپنے ہی اسپیکر پر برس پڑے

پشاور(ملت آن لائن)خیبر پختونخوا اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے ایم پی اے قربان علی اپنی ہی جماعت کے سپیکر اسد قیصر پر برس پڑے اور نیب سے ان کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔خیبر پختونخوا اسمبلی میں اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت بجٹ اجلاس جاری تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے قربان علی نے نوشہرہ میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزام پر اپنی ہی جماعت کے اسپیکر اسد قیصرکو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ پی ٹی آئی رہنما قربان علی نے اسپیکر اسد قیصر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو صادق اور امین نہیں کہا جاتا لیکن آپ کا اپنے بارے میں کیا خیال ہے؟ نوشہرہ میں کروڑوں روپے کی کرپشن جاری ہے لہذا ناانصافی پر مزید خاموش نہیں رہ سکتا، مجھے سچ بولنے کی بڑی سزا ملی ہے لیکن میرا ضمیر خاموش رہنے کی اجازت نہیں دیتا۔ایم پی اے قربان علی نے قومی احتساب بیورو (نیب) اور دیگراداروں سے مطالبہ کیا کہ نوشہرہ میں کرپشن کانوٹس لیں جس کے بعد انہوں نے بجٹ اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا۔واضح رہے اسپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر پر کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے جس پر ان کے خلاف تحقیقات بھی جاری ہیں۔