خبرنامہ خیبر پختونخوا

کے پی کے میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی

ڈیرہ اسمٰعیل خان: (ملت+اے پی پی) خیبر پختونخوا میں سال 2016 میں دہشتگردی اور دیگر جرائم کی شرح میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ۔ ڈیرہ اسماعیل خان پولیس میں رواں سال فارن ایکٹ ، منشیات ، چوری ، ڈکیتی ، جوا اور دیگر جرائم کے خلاف 5915 کیسز رپورٹ کئے گئے ۔ پولیس اعداد و شمار کے مطابق ٹارگٹ کلنگ اور قتل کی وارداتوں میں 183 افراد لقمہ اجل بنے جن کی تعداد گزشتہ سال 193 تھی جبکہ فرائض کی انجام دہی میں ایک ڈی ایس پی سمیت 6 پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے ۔ ڈیرہ پولیس نے قتل ، ڈکیتی ، راہزنی اور دیگر جرائم میں ملوث 4266 ملزمان کو گرفتار کیا ۔ 2015 کی نسبت چوری کی وارداتوں میں 14 فیصد کمی ہوئی جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی میں 441 کلو گرام چرس ، ہیروئن اور افیون قبضہ میں لی گئی اور حساس ترین ضلع میں مذہبی تقاریب کے پرامن انعقاد پر شہری بھی مسرور و مطمئن ہیں ۔ پندرہ لاکھ آبادی کے حامل اس ضلع میں 3181 پولیس اہلکار جرائم کے خلاف برسرپیکار ہیں ۔ اگر عوام کا تعاون حاصل ہو تو وسائل کی کمی کے باوجود ہماری پولیس جرائم کی بیخ کنی کی پوری صلاحیت رکھتی ہے ۔