خبرنامہ خیبر پختونخوا

گلبہار میں خواتین کی کھلی کچہر ی کا انعقاد

گلبہار میں خواتین کی کھلی کچہر ی کا انعقاد

پشاور(ملت آن لائن)ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے کہا ہے کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سنٹر برائے خواتین گلبہار پشاورمیں کھلی کچہر ی کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سارہ تواب عمر ،محکمہ تعلیم سے سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسرز فراست ممتاز، نزاکت تبسم، ایگریکلچر آفیسر شوانہ احمد، سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر غزالہ شاہین، ڈاکٹر نایاب، ڈاکٹر صائمہ، عوامی نمائندوں میں ڈاکٹر حمیرا گیلانی،رابعہ بصری، رخمینہ خورشید ، سائرہ سمیت مختلف محکموں کی خواتین افسران سمیت منتخب خواتین عوامی نما ئندگان اور پشاور کے مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کھلی کچہر ی کے موقع پر خواتین نے کھل کر اپنے مسائل کے بارے میں ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا۔خواتین نے کہا کہ گلبہار کے علاقے میں پولیس کی نفری کو بڑھایا جا ئے تاکہ بڑھتی ہوئی رہزنی اوردیگرواردات پر قابو پایا جا سکے اور علاقے میں نالیوں کی صفائی کی جا ئے تاکہ بارش کے دوران گلیوں میں پانی جمع نہ ہو سکے۔ انھوں نے کہا کہ گلبہار میں واپڈا کی اکثر تاریں ننگی ہیں جس کی وجہ سے اکثر حادثات ہوتے رہتے ہیں ان تاروں کو تبدیل کیا جا ئے،پرائمری سکولوں کی تعداد کو بڑھا یا جائے ۔خواتین نے کہاکہ پشاور میں میک اپ کی اشیاء کی دکانوں کے لئے کوئی ضابطہ اخلاق نہیں ہے ہر دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہا ہے جس کے لیے انتظامیہ ان کے لیے ریٹ لسٹ جاری کرے۔ خواتین نے کہا کہ دلہ زاک روڈ سمیت پشاور کے اکثر علاقوں میں سوئی گیس لوڈ شیڈنگ کی کمی کو ختم کیا جا ئے۔ کھلی کچہر ی میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ خواتین کے سکولوں میں مردوں کی جگہ خواتین کلرکس کو بھرتی کیا جا ئے ۔ خواتین نے شکایت کی کہ سیٹھی ٹا ؤن نمبر 2 میں بارش کے بعد پانی گلیوں میں کھڑا ہو جاتا ہے اس سلسلے میں نالیوں کی صفائی کو یقینی بنا یا جا ئے۔ اس کے علاوہ دیگر خواتین نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سارہ تواب عمر اور دیگر افسران کو اپنے اپنے مسائل کے بارے میں کھل کر بتایا اور اکثر خواتین نے ان کو تحریری درخواستیں بھی دیں۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرنے خواتین کے مسائل غورسے سنیں اوران کے حل کیلئے یقین دہانی کرائیں۔