خبرنامہ خیبر پختونخوا

گورنر خیبر پختونخوا کی جانب امام خانہ کعبہ شریف الشیخ صالح محمدبن طالب کے اعزاز میں ظہرانہ

پشاور (ملت آن لائن + آئی این پی) گورنر خیبر پختونخوا انجینئراقبال ظفر جھگڑا نے جمعہ کے روز امام خانہ کعبہ شریف الشیخ صالح محمدبن طالب کے اعزاز میں گورنر ہاؤس پشاور میں ظہرانہ دیا۔ سعودی عرب کے وزیر برائے اسلامی امورصالح بن عبدالعزیز بن محمد الشیخ اوروفد کے دیگر ارکان بھی معزز مہمان کے ہمراہ تھے جبکہ اس مو قع پرسابق گورنر سردار مہتاب احمدخان، جمعیت علماء اسلام کے سر براہ مولانا فضل الرحمن ،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی، وزراء اور اراکین پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی اور برادرانہ تعلقات ہرآزمائش پرپورا اترے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام اس باہمی دوستی اور اخوت کو بہت عزیز رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ سعودی عرب مقامات مقدسہ کے باعث ہرپاکستانی کیلئے احترام کا حامل ہے جبکہ پاکستان امت مسلمہ میں قائدانہ کردار کا حامل ہے جس پر دنیا بھر کے مسلمانوں کوبجا طورپر فخرہے۔