خبرنامہ خیبر پختونخوا

ہزارہ ڈویژن؛ جشن میلاد النبی بھرپور عقیدت و احترام سے منایا گیا

ایبٹ آباد: (ملت+اے پی پی) ہزارہ ڈویژن کے تمام 6 اضلاع میں جشن عید میلاد النبی بھرپور مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا ۔ حضرت محمد ﷺ کی یوم ولادت کے موقع پرایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، حویلیاں اور تمام چھوٹے بڑے شہروں ،بازاروں اور مارکیٹوں کو رنگ برنگی لائیٹوں ، جھنڈوں اور بینرز سے سجایا گیا ۔ تمام فرقوں اور گروہوں کے لوگوں کی بڑی تعداد نبی کریم حضرت محمدﷺ سے اظہار محبت کے لئے خصوصی اجتماعات میں شرکت کی جبکہ ہزارہ کے تمام بڑے شہروں سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی ریلیاں بھی نکالی گئیں اورنبی آخری الزماں حضرت محمدﷺکو زبردست خراج عقیدت پیش کی۔محفل میلاد کے اجتماعات اور ریلیوں کے شرکاء نے مقدس موقع کے حوالے سے محبت اور احترام کے اظہار کے طور پر بیج لگا رکھے تھے اور سائیکلوں، موٹر سائیکلوں اور کاروں کو سبز پرچموں سے سجایا ۔ریلیوں اور میلاد کے اجتماعات کے دوران علماء کرام نے آخری نبی حضرت محمدﷺ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں ،محبت ، بھائی چارے اور امن کے سلسلے میں ان کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر ہزارہ کے تمام شہروں میں عید میلاد النبی کے جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس اہلکار بھی تعینات کئے گئے ۔