خبرنامہ خیبر پختونخوا

ہمارے ارادے پختہ اور عزائم اونچے ہیں عوام کی مفادات کی خاطر ہر حد تک جا سکتے ہیں: محمود خان

پشاور (ملت + آئی این پی) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے کھیل ، ثقافت ، آثار قدیمہ اور امور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ ہمارے ارادے پختہ اور عزائم اونچے ہیں ہم عوام کی مفادات کی خاطر ہر حد تک جا سکتے ہیں ، عوام نے ہمیں جس مقصد کے لئے ووٹ دیا ہے اس مقصد کو پانے کے لئے ہماری سرتوڑ کوششیں جاری ہیں ، پاکستان تحریک انصاف مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کی واحد نمائندہ جماعت ہے جس نے صوبے کے عوام کو مفاد پرست سیاستدانوں سے نجات دلاکر عام آدمی کو بااختیار بنا دیا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے یونین کونسل چپرئیل میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے اہم کارکنوں محمد رفیق ، فضل اکبر ، زین العابدین ، عطرشاہ ، صالح الرحمان ،میا ں عبدالعزیز اور محمد حنیف نے اپنے اپنے خاندانو ں اور سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ اے این پی سے مستعفی ہوکر پاکستان میں تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا اورپی ٹی آئی کے مرکزی اور صوبائی قیادت کے علاوہ محمود خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ان کے ویژن کو آگے بڑھانے کے لئے بھر کوششیں کریں گے۔ ان شخصیات کی شمولیت سے یونین کونسل چپرئیل میں اے این پی کوسخت دھچکالگا اور پی ٹی آئی یہاں پر ایک مضبوط قوت بن گئی ۔ صوبائی وزیر محمود خان نے پی ٹی آئی میں نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئے شامل ہونے والے کارکنوں کی مثبت کردار سے یہاں ترقیاتی کاموں کی رفتار بھی تیز ہو جائے گی ۔انہو ں نے کہا کہ اللہ تعالی اس خطے کو تمام مسائل سے مالا مال کیا ہے لیکن بدقسمتی سے ماضی میں حکمرانوں نے یہاں پر توجہ نہیں دی تھی اور یہاں کے وسائل سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا اس لئے یہ علاقہ اور یہاں کے عوام مسائل سے دوچار تھے لیکن موجودہ صوبائی حکومت پسماندہ اور نظر انداز کئے ہوئے علاقوں کو بھر پور توجہ دے رہی ہے اور ان کی تمام مسائل حل کرنے کے لئے دستیاب وسائل پوری طرح بروئے کارلا رہی ہے اور انشا اللہ وہ دن دور نہیں جب یہاں کے باشندے باروزگار اور خوشحال ہو ں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی حکومت نے خود عرضوں اور مفاد پرستوں کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیا ہے ۔اب لوگوں کے کام رشوت اور سفارش کے بغیر ہو رہے ہیں اور عوام کا صوبائی حکومت پر بھر پور اعتماد مزید بڑھ گیا ہے اور یہی ہماری کامیابی ہے ۔اس موقع پر ضلعی کونسلر بہادر خان اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔