خبرنامہ خیبر پختونخوا

ہندکو ثقافتی میلہ نومبر میں کوہاٹ میں منعقد ہو گا

پشاور۔17اکتوبر(ملت + اے پی پی )گندھارا ہندکو بورڈ پاکستان اور گندھارا ہندکو اکیڈمی پشاورکے زیر اہتمام ایک روزہ ہندکو ثقافتی میلہ نومبر کے مہینے میں کوہاٹ میں منعقد ہو گا ۔جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور اس سلسلے میں مختلف کمیٹیاں بھی بنائی گئی ہیں جو اپنے اپنے امور کی انجام دہی میں مصروف ہیں۔ اس میلے کے کوآرڈینیٹر گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین ہیں جبکہ کنوینئر کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر مطیع اﷲ شاہ ہیں۔ میلہ ہندکو ڈرامہ، ہندکو مزاحیہ خاکے ، ہندکو ضرب المثل ، مقامی دستکاری اور ثقافتی زندگی کی نمائش پر مشتمل ہو گا۔جس میں علاقائی کھیل بھی پیش کئے جائینگے اور اول دوئم آنے والوں کو انعامات سے نوازا جائے گا۔میلے میں عوامی نمائندے بھی خصوصی طور پر شرکت کرینگے اور پروگرام میں خصوصی دعوت پر سابق گورنر سید افتخار حسین شاہ اور سابق وزیر سید امتیاز حسین گیلانی بھی شرکت کرینگے۔ شعراء، محققین اپنے خصوصی خطاب میں علاقے کی ثقافت کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کرینگے۔میلے میں ہندکو مشاعرہ بھی منعقد ہو گا جس میں مقامی شعراء اپنا اپنا کلام پیش کرینگے۔ جبکہ اس موقع پر ہندکو موسیقی کا پروگرام بھی رکھا گیا ہے جس میں مقامی فنکارہندکو لوک گیت پیش کر کے شرکاء کو محظوظ کرینگے۔