خبرنامہ خیبر پختونخوا

ہنگو‘ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانااولین ترجیح ہے۔ ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن

ہنگو : ( اے پی پی )ڈ ی آئی جی کوہاٹ ریجن اختر حیات گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہنگو میں امن و امان کی بحالی پولیس کی لازوال قربانیوں کی مرہون منت ہے‘دہشت گردی کے خاتمہ اور جرائم کے روک تھام میں پولیس افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا‘عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانااولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈ ی آئی جی کوہاٹ ریجن اختر حیات گنڈا پور نے جمعرات کے روز دورہ ہنگو کے دوران پولیس لائن ہنگو میں منعقدہ پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہنگو شاہ نظر سمیت ضلع بھر کے پولیس افسران اور اہلکار بھی موجود تھے۔نو تعینات ڈی آئی جی کوہاٹ گنڈا پورنے کہا کہ سال 2006تا 2013میں دہشت گردی اور جرائم کی شرح عروج پر تھی۔مگر ہنگو کی بہادر پولیس فورس نے کٹھن اور مشکل سے مشکل حالات کو پر امن فضا میں تبدیل کرنے میں جانوں کے نذرانے پیش کر کے شہادتیں نوش کیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور عوام کا پولیس پر اعتماد بحال رکھنے کے لئے پولیس افسران اوراہلکاران عوام دوست رویہ اختیار کریں۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کو کرپشن یافرائض میں غفلت جیسی لعنتوں سے پاک کر نے کا تہیہ کر رکھا ہے اور ایسے کسی بھی غیر قانونی اقدام کے مرتکب افسران یا اہلکاروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں بھرتی جائے گی۔ اختر حیات گنڈا پور نے کہا کہ پولیس جوانوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور مسائل کے حل کے لئے تمام تر وسائل بروے وکار لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو درپیش مسائل کے حوالے سے ہمارے دروازے پولیس جوانوں اور افسران کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں اور جائز مسائل کے حوالے سے کسی بھی قسم کے واسطوں سے پولیس اہلکاران اجتناب کریں۔قانونی طریقہ کار کے تحت از خو دمسائل پیش کرنے کی روش اپنائی جائے ۔ڈی آئی جی کوہاٹ نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر خواہ جتنے بھی بااثر کیو نہ ہو قانون کے آہنی ہاتھوں سے نہیں بچ سکیں گے اور دہشت گردی کا خاتمہ اورجرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے پولیس کے حوصلے بلند ہیں۔ہنگودورے کے موقع پر ڈی آئی جی کوہاٹ اختر حیات گنڈا پور نے ضلع کے مختلف تھانوں اور چیکنگ پوائنٹس کا بھی دورہ کیااور پولیس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔