خبرنامہ خیبر پختونخوا

ہیپاٹائٹس اور دیگر موذی امراض کی روک تھام کیلئے بیت الخلاء تعمیر کئے جائیں گے، وجیہہ الزمان خان

مانسہرہ۔ 18 اکتوبر (ملت + اے پی پی) ڈیڈک کمیٹی کے چیئرمین رکن صوبائی اسمبلی وجیہہ الزمان خان نے کہا ہے کہ علاقہ بھر میں بڑھتے ہوئے ہیپاٹائٹس اور دیگر موذی امراض کی روک تھام کیلئے بیت الخلاء تعمیر کئے جائیں گے، تعلیم و تربیت ماحول کی درستگی کیلئے امن کمیٹی بازارگے جیسی تنظیموں کا انعقاد مفید ثابت ہوا ہے، بازار گے ان کا اپنا گاؤں ہے اور وہ یہاں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، میرٹ پر ان مسائل کو حل کیا جائے گا۔ وہ بازارگے امن کمیٹی کی طرف سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ قبل ازیں صدر امن کمیٹی محمد فیض، نائب صدر الطاف الہٰی، عطاء الرحمٰن، ذوالفقار قریشی، سید قدیر شاہ اور اہلیان بازارگے کی نچلی آبادی کیلئے سیلاب سے بچاؤ کیلئے حفاظتی پشتے کی تعمیر، نکاسی آب، سکول کی چار دیواری اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر اسرار خان نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔