خبرنامہ خیبر پختونخوا

انتہا پسندوں کو ملک دشمن قوتیں سپورٹ کررہی ہیں حاجی غلام احمد بلور

لاہور۔30 مارچ(اے پی پی ) اے این پی کے مرکزی رہنما ء و سابق وفاقی وزیر ریلوے حاجی غلام احمد بلور نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ دہشت گردی کے تناظر میں ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تما م سیاسی جماعتوں کی اے پی سی بلائی جائے ۔ وہ بدھ کو لاہور کے مختصر دورے کے موقع پر لاہور پریس کلب میں کے پی کے سابق صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین اور دیگر پارٹی عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سانحہ کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں ،سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی صوبائی حکومت نے صوبے کو غربت اور بحرانوں کے سوا کچھ نہیں دیا ہے ،وہاں تمام فیصلے ان کی مرضی سے ہوتے ہیں ،ماضی کی اور موجودہ حکومت نے سوات ،فاٹا ،وزیر ستان سمیت دیگر علاقوں میں آپریشن کیے مگر ابھی تک وہاں امن قائم نہیں ہو سکا، مسائل اسی طرح جوں کے توں موجود ہیں ،وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے دوبارہ اے پی سی بلا ئے جس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کی قیادت شامل ہو،حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کا ایک باقاعدہ مائینڈ سیٹ ہے اس کے خاتمے کیلئے مکمل طور پر اقدامات کرنا ہو نگے،انتہا پسندوں کو ملک دشمن قوتیں سپورٹ کررہی ہیں، حکومت ان سہولت کاروں کے خلاف بھی بھر پور طریقے سے آپریشن کرے ، حکومت کو معاشی پالیسیوں کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ لاہور سانحہ میں شہید ہو نے والے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اوران کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں