خبرنامہ خیبر پختونخوا

15 فیصد میڈیکل الاؤنس ورکرز کی تنخواہ کے ساتھ لگ چکا ہے جو اس ماہ کی تنخواہ کے ساتھ ادا کر دیا جائے گا، جمیل اختر تنولی

ایبٹ آباد۔(ملت آن لائن) پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کے چیئرمین جمیل اختر تنولی نے کہا ہے کہ 15 فیصد میڈیکل الاؤنس ورکرز کی تنخواہ کے ساتھ لگا دیا گیا ہے جو اس ماہ کی تنخواہ کے ساتھ انہیں دیدیا جائے گا، بچوں کی بھرتی کیلئے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب سے ملاقات ہوئی ہے، ملازمین کے بچوں کو جلد بھرتی کروایا جائے گا۔ یہاں یونین عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہزارہ میں سٹاف کی کمی کا مسئلہ حل ہونے کی امید ہے، جن سٹاف کی ڈبل انکریمنٹ کی ریکوری ہو رہی ہے وہ مطمئن رہیں، یونین کوشش کر رہی ہے کہ دوسری انکریمنٹ بحال ہو اور ریکوری نہ ہو تاہم جو ریکوری شروع ہوئی ہے اس کو عارضی طور پر معطل کروایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ورکرز خوشی کے ساتھ اپنی ریکوری کروانا چاہتے ہیں وہ ریکوری کروائیں، یونین کی طرف سے ان کیلئے کوئی پابندی نہیں ہے، ہمارا کام جدوجہد کرنا ہے اور ہم 30 سال سے ورکرز کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، جب تک زندگی ہیں وہ جدوجہد کرتے رہیں گے۔ جمیل اختر تنولی نے کہا کہ ہری پور اور گردونواح میں کم وولٹیج کے مسئلہ کیلئے 220 کے وی اے گرڈ سٹیشن کی وفاقی وزیر توانائی سے گذارش کی ہے، جب تک ہری پور میں 220 کے وی اے گرڈ سٹیشن قائم نہیں ہوتا اس وقت تک 132 کے وی اے گرڈ سٹیشن بنانے سے کم وولٹیج کا مسئلہ حل نہیں ہو گا۔