چین نے پاکستان کو دہشتگردی کی ماں قراردینے سے متعلق بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دہشتگردی کو کسی ایک مخصوص ملک، مذہب یا نسل سے جوڑنے کے مخالف ہیں، پاکستان ہمارا تمام موسموں کا دوست ہے جس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بڑی جدوجہدکی اور بے پناہ قربانیاں دی ہیں، دنیا کوان قربانیوں کوتسلیم کرناچاہیے۔
کم و بیش یہی بات دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہی کہ برکس کانفرنس میں کسی ملک نے مودی کی بات پر کان نہیں دھرے کیونکہ دنیا مودی کی ہرزاہ سرائیوں سے خوب واقف ہوچکی ہے اور اس کی پاکستان کے خلاف مخاصمت اب اظہر من الشمس ہوچکی ہے، وہ تعقل پسندی اور خود اپنے سیکولر ازم کے پاؤں پر کلہاڑی مار رہے ہیں، مثلاً یہ چیز واضح ہوگئی کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے برکس اجلاس میں پاکستان کو دہشتگردوں کا گڑھ قرار دینے کے بعد چین پاکستان کے حق میں کھل کر میدان میں آگیا، بیجنگ میں نیوز بریفنگ کے دوران چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چن ینگ نے کہاکہ چین کی یہ مستقل پالیسی ہے کہ دہشت گردی کو کسی ایک ملک یا مذہب سے جوڑا نہیں جا سکتا۔
بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستان بھی دہشتگردی کا شکار ہے، چین ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے اور اس حوالے سے ہماری پالیسی بالکل واضح ہے۔ چین نے یہ بات بھی بھارتی سرکار کے گوش گزار کی کہ دہشتگردی میں جو تنظیم یا ملک بھی ملوث ہے اس کے خلاف عالمی برادری کو سنجیدگی سے کام کرنا اورانسداد دہشتگردی اور تمام ملکوں کے تحفظ کے لیے تعاون کو مزید فروغ دینا چاہیے۔
ادھرچین کی وزارت خارجہ کے ایشیائی امور کے مشیر یوو وین نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان ہمیشہ ایک دوسرے کے دکھ سکھ کے ساتھی ہیں، عالمی صورتحال میں چاہے کسی قسم کی تبدیلیاں آئیں چین ہمیشہ سے پاکستان کے ساتھ ہے، ہم پاکستان کے اندورنی استحکام، سلامتی کے تحفظ اورمعیشت کو فروغ دینے کی حمایت کرتے ہیں اوریہ چینی حکومت کا غیرمتزلزل اسٹرٹیجک انتخاب بھی ہے۔
پیر کو چائنہ ریڈیوانٹرنیشنل کے مطابق چائنا انسٹیٹیوٹ آف انٹر نیشنل سٹدیز کے زیراہتمام چین پاک اقتصادی راہداری کی تعمیر کو تیز ی سے آگے بڑھانے، چین پاک مشترکہ تقدیر کے اشتراک کی تعمیر میں مدد کے موضوع پر چینی اور پاکستانی تھنک ٹینک کا سیمینار بیجنگ میں ہوا، اس موقع پرچین میں پاکستانی سفیر مسعود خالد نے کہاکہ چین پاک اقتصادی راہداری دوستی اور تعاون کی ایک کامیاب مثال بنے گی۔ پاک چین دوستی چاروں موسموں کی آزمودہ دوستی ہے اور یہ بدلتے حالات کی مختلف مشکلات کے باوجود ہمیشہ سے مستحکم ہے۔نریندر مودی سمیت بھارتی میڈیا کو بھی ہوش کے ناخن لینے چاہئیں ،خطے کا مفاد پاک بھارت دیرینہ تنازعات کا پر امن حل ڈھونڈنا ہے۔