اربوں روپے خسارے سے دوچار قومی ایئرلائن کا نئے افسران کی بھرتی کا فیصلہ
کراچی:(ملت آن لائن) اربوں روپے خسارے سے دوچار قومی ایئرلائن نے نئے افسران کی بھرتی کا فیصلہ کرلیا ہے اور 100 مینجمنٹ ٹرینی افسران کی بھرتی کے لئے اشتہار بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اربوں روپے خسارے سے دوچار قومی ایئرلائن میں پھر نوازنے کا سلسلہ شروع کردیاگیا، زرائع کے مطابق پی آئی اے میں زائد ملازمین کی موجودگی کے حکومتی دعووں کے باوجود نئے افسران کی بھرتی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انتظامیہ کی جانب سے 100 مینجمنٹ ٹرینی افسران کی بھرتی کے لئے اشتہار جاری کیا گیا ہے، افسران طے شدہ حکومتی کوٹے کے تحت بھرتی کئے جائیں گے، افسران کو پے گروپ 5 میں بھرتی کیا جائے گا۔ پہلے سے موجود اہل افسران کو کھڈے لائن لگا کر نئے افسران کی بھرتیاں کی جا رہی ہیں، ملازمین کو ماہانہ تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کے باجود نئی بھرتیاں مزید مالی بوجھ کے مترادف ہیں۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ آئندہ برسوں میں افسران کی ریٹائرمنٹ کے تناظر میں بھرتیاں ناگزیر ہیں۔
پی آئی اے کا ملازمین کی طبی سہولیات آؤ ٹ سورس کرنے کا فیصلہ
یاد رہے کہ اس سے قبل قومی ایئر لائن کی انتظامیہ نے ملازمین کو فراہم کی جانے والی میڈیکل کی سہولیات کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا تھا کہ ملازمین کے طبی سہولیات ادارے کی جانب سے ادا کرنے کے بجائے اسے انشورنس کمپنی سے منسلک کردیا جائے گا ۔ خیال رہے کہ پی آئی اے پہلے ہی اسپتالوں اور میڈیکل کمپنیوں کی نادہندہ ہے جس کے سبب ملازمین طبی سہولیات سے محروم ہیں ۔ بتایا جارہاہے کہ پی آئی اے نے اسپتالوں اور میڈیکل کمپنیوں کو کروڑوں روپے کے واجبات ادا نہیں کیے ہیں جس کی وجہ سے پی آئی اے ملازمین کو نجی اسپتال طبی سہولیات فراہم نہیں کر رہے اور میڈیکل اسٹور نے بھی ملازمین کو ادویات فراہم کرنے سے انکار کردیاہے۔